سیکرٹری ہیلتھ کی زیر صدارت صوبہ بھر کے ڈی ایچ اوز کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس

بدھ 22 مئی 2019 17:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر سید فاروق جمیل کی زیر صدارت صوبہ بھر کے ڈی ایچ اوز کی کارکردگی اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس محکمہ صحت خیبر پختونخوا میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کی۔ اجلاس میں صوبے بھر کے ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر آئی ایچ پی ڈاکٹر صاحب گل ، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہد یونس ڈائریکٹر ای پی آئی پروگرام ڈاکٹر اکرام کے علاوہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی عوام کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری ہیلتھ نے تمام ڈی ایچ اوز صاحبان کو ہدایات جاری کی کہ تمام ڈی ایچ او صاحبان عوام کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا صوبے کو پیش آنے والے صحت کے مختلف مسائل جیسا کہ زچہ بچہ کی صحت,پولیو,ڈینگی، لشمینیا اور ایچ آئی وی جیسی موذی بیماریوں پر خاص توجہ دی جائے اور عوامی آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسی حوالے سے تمام ڈی ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقے کی جغرافیائی سطح کے مطابق ایک جامعہ حکمت عملی تیار کرنے کا کہا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ آنے والے گرم موسم میں ڈینگی سے بچا کے لیے خاص احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ صوبے کی عوام کو اس موذی بیماری سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ عوامی آگاہی سے ان موزی بیماریوں سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں زچہ بچہ کی صحت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ زچہ بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں چوبیس گھنٹے سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے یہ بھی احکامات جاری کیے کہ تمام ڈی ایچ اوز کی اے سی آر مکمل ان کی کارکردگی پر منحصر ہوگی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔