ریلوے انتظامیہ کی جی ٹی روڈ گجاپیر کے قریب کارروائی، واجبات کی عدم ادائیگی پر 4 دکانیں سربمہر

بعض دکانداروں سی14 لاکھ 70 ہزار سے زائد روپے وصول کیے گئے، انجینئر اسدالرحمان

بدھ 22 مئی 2019 17:15

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن عامر نثار چوہدری کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ انجینئر اسدالرحمان کی زیر نگرانی ریلوے کے نادہندگان کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڑ گجاپیر ایک اور دو موریا پل کے قریب ریلوے انتظامیہ کی طرف سے عدم ادائیگی پر کارروائی کے نتیجے میں کم از کم 4 دوکانیں سربمہرکر دیں گئیں جبکہ بعض دکانداروں سے عدم ادائیگی کی صورت میں 14 لاکھ 70 ہزار سے زائد روپے موقع پر واجبات کی صورت میں وصول بھی کیے گئے۔

مزید براں ڈپٹی ڈائریکٹر پراہرٹی اینڈ لینڈ لاہور کا کہنا تھا کہ 11 دوکانداروں نے عدالت سے سٹے آرڈر لے رکھے ہیں تاہم ان کے خلاف کارروائی عدالت کی طرح سے دیئے گئے سٹے آرڈر کی تاریخ ختم ہوتے ہی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہم عدالت کے احکامات کا احترام کرتے ہیں اس لیے 11 دکانداروں کے خلاف اس وقت کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔

ریلوے کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کے موقع پر اسسٹینٹ ایگزیکٹو انجینئر لاہور سعید افضل، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر پراپرٹی اینڈ لینڈ محمد عباس سمت ایس ایچ او ریلوے پولیس چوہدری پرویز بھی اپریشن کے موقع پر موجود تھے۔ اپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے اور نپٹنے کیلئے ریلوے پولیس کی بھاری نفری کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ حالیہ اپریشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس ریلوے لاہور کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نادہندگان سے ریلوے واجبات کی پائی پائی وصول کی جائے گی اور وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی ہدایت کے مطابق قبضہ مافیا اور ریلوے کے واجبات وقت پر جمع نہ کروانے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔