روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے، اسلام آباد چیمبر

بدھ 22 مئی 2019 18:07

روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے، اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرے۔ بدھ کو اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے کیونکہ ترقیاتی کاموں پر حکومت جتنا زیادہ خرچ کرے گی کاروباری سرگرمیوں کو اتنا ہی بہتر فروغ ملے گا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ روپے کی قدر بھی دن بدن گرتی جا رہی ہے جس سے اخراجات و مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا ، قرضوں کی مد میں بھی اربوں روپے کا اضافہ ہو گا اور مالی خسارہ مزید بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ وہ روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرے کیونکہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے کیونکہ ان کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجر برادری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کر کے معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرے تا کہ غیر یقینی کا ماحول ختم ہو، تجارتی و صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کوبہتر فروغ ملے اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہو۔