پاکستان اور روس خلاء میں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے، ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاء فوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایاجائے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے بشکیک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے

بدھ 22 مئی 2019 18:26

پاکستان اور روس خلاء میں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں ..
بشکیک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) پاکستان اور روس نے قرار دیا ہے کہ وہ خلاء میں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے، ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاء فوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔ اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔

یہ اعلامیہ پاکستان اور روسی فیڈریشن کی طرف سے بشکیک میں جاری کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان خلاء میں موجود اقوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے ان کی مثال کو اپنائیں۔ خلاء میں ہونے والی سرگرمیاں ریاستوں کی سماجی، معاشی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ان کا عالمی اور علاقائی سلامتی برقرار رکھنے میں بھی کردارہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ خلاء کو عالمی قانون کے مطابق معاشی، سائنسی یا ٹیکنالوجی میں ان کی ترقی سے قطع نظر اقوام کی بہتری کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 میں درج عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ خلاء میں سرگرمیوں سمیت طاقت کے استعمال سے عالمی تعلقات سے احتراز برتا جائے اور اس تصور پر کاربند ہوں کہ ریاستیں سختی سے اس پالیسی پر عمل پیرا ہوں گی۔

اس امر پر زور دیتے ہیں کہ خلاء میں اسلحہ کی دوڑ بشمول ہتھیاروں کی تنصیب اور ان کے استعمال سے بچاؤ کا عالمی معاہدہ بین الاقوامی برادری کی ترجیح ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے قرار دیا ہے کہ وہ خلاء میں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے اور یہ کہ وہ ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاء فوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔ روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان خلاء میں موجود اقوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان کی مثال کو اپنائیں۔