آئی جی پنجاب کی ہدایت پرصوبے بھر میں اشتہاریوں اور سماج دشمن عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری

وہاڑی پولیس نے مئی کے دوران 232خطرناک اشتہاری گرفتارکرکے بھاری مقدار میں منشیات اورناجائز اسلحہ برآمد کرلیا

بدھ 22 مئی 2019 18:48

آئی جی پنجاب کی ہدایت پرصوبے بھر میں اشتہاریوں اور سماج دشمن عناصرکے ..
لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) -انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ، اس سلسلے میں وہاڑی پولیس نے ڈی پی او نجیب الرحمن بگوی کی سربراہی میں یکم مئی 2019ء سے 21مئی2019ء کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

وہاڑی پولیس کی جانب سے مطلوب اشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کیلئے شروع کی گئی مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی اورراہزنی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک232 مجرمان اشتہاری گرفتارکئے جن میں 31اے کیٹگری کے جبکہ 201بی کیٹگری کے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کر تے ہوئی57ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری ناجائز اسلحہ برآمدکیا۔

(جاری ہے)

جن میں 04کلوشنکوف،13بندوق، 02رائفل، 37پسٹل،01ریوالورا ور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں ۔سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 58 مقدمات درج کئے گئے جن میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 71کلو چرس، 1046لیٹر شراب معہ لاہن،06چالو بھٹیاں اور شراب کشید کرنے والا سامان برآمد کیا گیا۔نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے 49مقدمات درج کئے گئے جن میں 11مقدمات لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر، 36کرایہ داری ایکٹ 01سکیورٹی آرڈیننس اور01مقدمہ وال چاکنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔

اس کے علاوہ ضلع وہاڑی کے مختلف تھانہ جات میں آتش بازی کے خلاف جاری مہم کے دوران کاروائی کرتے ہوئے 26مقدمات،تیز رفتار ی کے 22،بجلی چوری کی107،پرائس کنٹرول کے 29مقدمات درج کرنے کے علاوہ، گیمبلنگ ایکٹ ،غیرقانونی پٹرول ایجنسیوں،غیر قانونی گیس ری فلنگ اورگداگری ایکٹ کے بھی متعدد مقدمات درج کئے گئے۔ماہ مئی کے دوران ضلع وہاڑی میں پراپرٹی کے کٴْل128مقدمات درج رجسٹر ہوئے جن میں سی84مقدمات کو ٹریس کیا گیا۔

ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر وہاڑی نجیب الرحمن بگوی نے مزید بتایا کہ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ضلع کو جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر سے پاک کر نے کی مہم میں مزید تیزی لائی گئی ہے جبکہ حساس مساجد، امام بارگاہوں سمیت عوامی و کاروباری مراکز کی سیکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔

اسی طرح اشتہاریوں اور منشیات فروشوں کو پابند سلاسل کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ سنٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں کرایہ داری ایکٹ کے نفاذ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ضلع بھر میں سرچ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا عمل جاری ہے جس کے دورا ن شہریوں کے کوائف کی چیکنگ بذریعہ بائیو میٹرک کی جارہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں سمیت عوامی و کاروباری مراکز کی سیکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل بھی مزید سخت کردیا گیا ہے جبکہ سرکل افسران حساس مقامات کے سرپرائز دورے کرکے سیکیورٹی انتظامات کی چیکنگ یقینی بنا رہے ہیں۔