کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، انڈیاکبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی عروج پر ہے،کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کے سامنے بھارتی فوج بے بس دکھائی دیتی ہے‘امیر العظیم

بدھ 22 مئی 2019 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ہلاکتوں پر رپورٹ طلب کرنا خو ش آئند ہے جبکہ ر پورٹ فراہم کرنے سے بھارت کا انکار اس بات کا ثبوت ہے کہ اس نے جموں وکشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کی ہوئی ہے۔

ہندوستان دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اوروہ جان گیاہے کہ مقبوضہ کشمیر اب اس کے ہاتھ سے نکل چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت تحریک آزادی پورے عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کشمیری عوام پر ظلم وبربریت کے تمام حربے آزماچکا ہے لیکن اس کے باوجود وہاں تحریک آزادئ کشمیر تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔

انڈیا مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گرد ی کے ذریعے مظالم کی انتہا کر چکا ہے ۔ بھارتی انتخابات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مسلسل کرفیو اور ریاستی دہشت گردی سے بھی کچھ حاصل نہیں ہوسکا۔کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کے سامنے بھارتی فوج بے بس دکھائی دیتی ہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے دستبردار ہوکر پاکستان کا وجود قائم ودائم نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اپنا غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔70برس گزرجانے کے باوجودہندوستان نہتے کشمیریوں کی آواز کونہیں دباسکا۔کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، انڈیاکبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی تمام ترکوششوں اور حربوں کے باوجود کشمیریوںکی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔

بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیری شہیدہوچکے ہیں۔آج بھی بھارتی عقوبت خانوں میں کشمیر کی آزادی کاخواب دیکھنے والے نوجوانوں کوتشددکانشانہ بنایاجارہاہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ جموں وکشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعدسے حالات یکسرتبدیل ہوچکے ہیں۔اب تو ہندوستان کے اندرسے بھی کشمیرکی آزادی کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزادی تک پاکستان کی22کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔