Live Updates

اپوزیشن جماعتیں جو مرضی کر لیں پی ٹی آئی کو ملک و قوم کی خدمت اور کرپٹ ٹولے کو جیل کی سلاخوں سے نہیں بچا سکتیں‘اعجاز چوہدری

اپوزیشن میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ حکومت کیخلاف کوئی تحریک چلا سکے ،ان کو اپنے مسائل سے ہی فرصت نہیں‘رہنما تحریک انصاف

بدھ 22 مئی 2019 21:40

اپوزیشن جماعتیں جو مرضی کر لیں پی ٹی آئی کو ملک و قوم کی خدمت اور کرپٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان کی دوسری نسل بھی لوٹ مار اورکرپشن کرنے اور اسے بچانے کیلئے ’’میثاق چور ی بچائو ‘‘کی جانب چل پڑی ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی افطار پارٹیاں کرپشن بچائو مہم کا حصہ ہے احتساب سے بچنے کے لئے دونوں جماعتیں پًر تول رہی ہیں، بلاول اور مریم کے بڑے میثاق کرپشن کرتے رہے اب بچے اپنے بڑوں کو احتساب سے بچانے کے لئے میثاق احتساب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں جو مرضی کر لیں تحریک انصاف کو ملک و قوم کی خدمت اور کرپٹ ٹولے کو جیل کی سلاخوں سے نہیں بچا سکتیں،اپوزیشن میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ حکومت کیخلاف کوئی تحریک چلا سکے یہ اپنے اپنے مسائل میں الجھے ہوئے لوگ ہیں،ان کو اپنے مسائل سے ہی فرصت نہیں،یہ بھلا کیا حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ابھی تو حکومت کو وجود میں آئے صرف نو ماہ ہی ہوئے ہیں اور حکومت سے وہ لوگ حساب مانگ رہے ہیں جو سالہا سال حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی کچھ نہ کر سکے،ان کو اپنی باری کا صبر سے انتظار کرنا اور حکومت کو اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا موقع دینا چاہئے،اس کے بعد بھی اگر حکومت ڈلیور نہ کر سکی تو الیکشن میں خود ہی عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جواب دیدیں گے لیکن اپوزیشن کو انتشار کی سیاست سے گریز کرنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک کو معاشی مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں انشااللہ جلد خوشحالی کا دور آئے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات