پاکستان کے بائیس کروڑ عوام ، آزادکشمیر و گلگت بلستستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کی پشت پر ہیں ،راجہ محمد فاروق حیدر خان

اوادی کے لوگوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں باتیں کرنا آسان مگر ان لوگوں نے بہت ظلم سہا ہے ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 مئی 2019 21:52

گڑھی دوپٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں نریندر مودی کے برسراقتدار آنے سے وہ مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گا ،ہمیں مودی کے حوالے سے کسی خوش فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ہمارے پالیسی سازوں سے امید ہے کہ انہوں نے حالات کا ادراک کر لیا ہے اور وہ آنیوالی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر پالیسی بنائیں گے ،مقبوضہ وادی کے اندر ہندوستانی افواج کی چیرہ دستیاں جاری ہیں گزشتہ دنوں آٹھ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے جب تک مسلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوگا خطے میں امن نہیں ہو سکتا نہ ہی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوستی ہو سکتی ہے ان خیالات اظہار انہوں نے مسلم لیگی راہنما و سابق ممبر کشمیر کونسل انجنئیر رفاقت حسین اعوان کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوے کیا وزیراعظم کے ہمراہ وزیر بلدیات راجہ نصیر احمد خان ،وزیر ٹیوٹا ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی بھی موجود تھے اعوان پٹی آمد پر لیگی کارکنان نے پرجوش نعروں سے وزیراعظم آزادکشمیر کا استقبال کیا اس موقع پر علاقے کی نمایاں سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر رمضان المبار ک میں جو حشر برپا ہے اس پر انہیں شدید تشویش ہے وہ وادی کے عوام کو ایک بار پھر کہنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام اور آزادکشمیر و گلگت بلستستان کے عوام آپ کی پشت پر ہیں اور انشاء اللہ ایک دن وہ بہت جلد آئیگا جب ہم اکٹھے رمضان اور عیدی کریں گے وادی کے لوگوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں باتیں کرنا آسان مگر ان لوگوں نے بہت ظلم سہا ہے سخت ترین حالات کا مقابلہ کیا ہے مگر اپنے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔