سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس

بدھ 22 مئی 2019 21:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس بدھ کے روز سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار فاروق احمد طاہر/ چیئرمین مجلس قائمہ نے ایوان میں پیش کیے گئے مسودہ قانون The Criminal Law (Amendment)Act,2019پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جسے غوروغوض کے بعد ایوان نے اتفاق رائے سے منظورکر لیا۔

اجلاس میں ممبر اسمبلی عبدالماجد خان/ چیئرمین مجلس قائمہ نے بھی مسودہ قانون The University of Azad Jammu and Kashmir (Amendment)Act,2019پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جسے غوروغوض کے بعدایوان نے اتفاق رائے سے منظورکر لیا۔اجلاس میں وزیرقانون و پارلیمانی امور نے مزید دو مسودات قانون The Azad Jammu and Kashmir Clinical Laboratories Regulatory Act,2019اورThe Azad Jammu and Kashmir Family Courts(Amendment)Act,2019ایوان میں پیش کیے جنہیں ایوان نے مجالس منتحبہ کے سپرد کر دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر اسمبلی محمد صغیر خان کے سوال کے جواب میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی میں گزشتہ6ماہ کے دوران کل16تقرریاں عمل میںلائی گئی ہیں اور نافذ العمل قواعد کے تحت ہی ضلعی کوٹہ کے مطابق ہوئی ہے۔ ایوان میں ان تقرریوں کی تفصیل بھی پیش کی گئی۔

وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہاکہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کی آسامیاں تحت ضابطہ باقاعدہ اخبارات میں مشتہر ہوئیں جس کیلئے کم و بیش تین سو امیدوار مقرر ہ تاریخ کو انٹرویو کیلئے پیش ہوئے۔ امیدواران کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے تمام امیدواران سے تحریری امتحان لیا گیا تاکہ شفافیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے تاہم ٹیسٹ انٹرویو کے دوران ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لیکر مناسب کارروائی کی جائے گی۔