تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء پر جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں،ظفر اکبر بٹ

بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ وادی کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے،چیئرمین جموں کشمیر سالویشن موومنٹ

بدھ 22 مئی 2019 21:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو مذاکرات کی میز پر ہی حل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے دو ایٹمی ملکوں پاکستان اور بھارت کو ایک نئی شروعات کر کے جموں وکشمیر کے مسئلے پرمذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء پر جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں اور اگر خد انخواستہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوئی تو ایک ایک بڑی تباہی مچ جائے گی۔

ظفر اکبر بٹ نے بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکو واپس مقبوضہ وادی کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ دور دراز کی جیلوں میں منتقلی کے باعث نظر بندوں کے اہلخانہ کو انکے ساتھ ملاقات میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا اسلامی تنظیم آزادی کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام کے علاقہ گوپال پورہ میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں زاہد احمد اور عرفان منظور کو شاندرا خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کہ بھارتی حکمرانوں کے توسیع پسندانہ عزائم اور جنگی جنوں نے جموںوکشمیر کی سرزمین کو خون میں نہلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر کو اپنی ایک کالونی سمجھ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تنازہ کشمیر کو اس کے سیاسی اور تاریخی پس منظرمیں حل کرنے کے بجائے فوجی طاقت کے بل پر کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادھر اسلامی تنظیم آزاد ی کے ترجمان نے ایک بیان میںپارٹی چیئرمین عبدالصمد انقلابی سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی پا زور دیا ہے ۔ آزادی پسند رہنما مشتاق الاسلام نے بھی ایک بیان میں شہید زاہد احمد منٹواورعرفان منظور کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے یہ پورا خطہ ایک مسلسل تنائو کی کشمکش میں مبتلا ہے اور بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ مشتاق الاسلام نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ وادی کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔