یورپی الیکشن سے قبل آسٹریا میں ملکی حکومت ناکامی کے دہانے پر

جلد ہی ایک ایسی عبوری حکومت قائم کر دیں گے، جو تین ماہ تک اقتدار میں رہے گی،چانسلر سباستیان

بدھ 22 مئی 2019 21:52

ویانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) آسٹریا کے وفاقی چانسلرسباستیان کٴْرس نے ملکی صدر آلیکسانڈر فان ڈئر بیلن کے ساتھ مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایک ایسی عبوری حکومت قائم کر دیں گے، جو تین ماہ تک اقتدار میں رہے گی۔ ملکی میڈیا کے مطابق نگران حکومت میں شامل کیے جانے والے وزراء کے ناموں کا اعلان جلدمتوقع ہے۔

(جاری ہے)

سباستیان کٴْرس، جنہیں آئندہ پیر کو اپنے خلاف پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا بھی ہو گا، اسی ہفتے ستمبر میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ کٴْرس کی قیادت میں مخلوط حکومت میں شامل فریڈم پارٹی کے رہنما اور نائب چانسلر ہائنز کرسٹیان اشٹراخے ایک حیران کن ویڈیو اسکینڈل کے بعد گزشتہ ہفتے کے روز مستعفی ہو گئے تھے۔ آسٹریا سمیت یورپی یونین کے تمام رکن ممالک میں آئندہ چند روز میں یورپی پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔