شامی فورسز نے ادلب میں کارروائیوں کے دوران کیمیائی حملہ کیا،امریکی دعویٰ

اگر یہ حملہ ثابت ہو گیا، تو اس کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا،ترجمان محکمہ خارجہ کا انتباہ

بدھ 22 مئی 2019 21:52

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسے آثار موجود ہیں کہ شام میں صدر بشار الاسد کی فوج ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں سے ایک نئے مبینہ حملے کی مرتکب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ملکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شامی دستوں کی طرف سے یہ مبینہ حملہ کلورین گیس کی مدد سے ملک کے شمال مغرب میں انیس مئی کی صبح کیا گیا۔ بیان کے مطابق شامی فورسز نے یہ کیمیائی ہتھیار جہادیوں کے زیر قبضہ ادلب کے علاقے میں اپنی مسلح کارروائیوں کے دوران استعمال کیا۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق اگر یہ حملہ ثابت ہو گیا، تو اس کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا۔