Live Updates

مریم نواز نے ماتم والے گھر میں صف پر بیٹھ کر بھی سیاسی دکانداری لگانے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا ‘ فردو س عاشق اعوان

مریم نواز کی مایوسی سے واضح ہے کہ عمران خان کا بیانیہ مضبوط اور ان کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے‘معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات

بدھ 22 مئی 2019 21:56

مریم نواز نے ماتم والے گھر میں صف پر بیٹھ کر بھی سیاسی دکانداری لگانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ماتم والے گھر میں صف پر بیٹھ کر بھی سیاسی دکانداری لگانے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا ، مریم نواز کی مایوسی سے واضح ہے کہ عمران خان کا بیانیہ مضبوط اور ان کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے۔ مریم نواز کی جانب سے بہاولپور میں پارٹی رہنما بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹے کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر کارکنوں سے خطاب پر اپنے رد عمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کے اعصاب پر عمران خان کی عداوت اس حد تک سوار ہے کہ وہ افطاری اور ماتم والے گھر میں بھی حکومت پر تنقید او ر سیاسی پوائنٹ سکورننگ کی تلاش میں رہتی ہیں جومایوس ذہن کی عکاسی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے رویے سے واضح ہے کہ وہ اقتدار سے دوری کی وجہ سے بے چین ہیںاس لئے ان کی ذات میں افرا تفری اور ان کا ذہن مضطرب ہے ۔مریم نواز اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر جس طرح ڈکٹیشن دیا کرتی تھیں انہوں نے آج صف پر بیٹھ کر بھی ایسی ہی کوشش کی لیکن کوئی بھی ان کی ڈکٹیشن لینے کو تیار ہے اور ان کے بیانیے کو مانا جارہا ہے ۔اس لئے وہ جہاں جہاں جائیں گی صفوں پر بیٹھ کو اپنے دل کو ہلکا کرنے کی کوشش کریں گی ۔

مریم نواز کا خطاب ہارے ہوئے شخص کی سوچ ہے جس کو عوام میں پذیرائی نہیں مل رہی ۔انہوں نے نواز شریف کیلئے جیل کی دیواریں ٹوٹنے کے حوالے سے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے ،عدالتوں کے نظام کو تہس نہس کرنے والے اوراداروں کو کمزور کر کے اپنی مرضی کے فیصلے لینے والوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ آج کوئی بھی ان کی ڈکٹیشن لینے اور دبائو برداشت کرنے کو تیار نہیں ۔ان لوگوں نے آئین و قانون کو یرغمال بنا کر رکھا تھا۔اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ مریم نواز پاکستان کے آئین ،عدالتوں کے فیصلوںاور قانون کو نہیں مانتیں ۔ان لوگوں نے حالات اور تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور ان کا ذہن انتہا پسندی سے باہر نہیں آیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات