مصر کے جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، 16 مشتبہ جنگجو ہلاک

پولیس نے انٹیلی جنس اطلاع کی بنا پر یہ کارروائی ایک کمین گاہ پر کی تھی،مصری وزارت داخلہ کا بیان

بدھ 22 مئی 2019 22:16

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) مصر کی سکیورٹی فورسز نے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں ایک چھاپا مار کارروائی میں 16 انتہا پسند جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ جنگجو صوبائی دارالحکومت العریش شہر میں پولیس کی ایک چھاپا مار کارروائی میں مارے گئے لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ پولیس نے ان کی کمین گاہ پر یہ چھاپا مار کارروائی کب کی تھی۔

بیان میں مزید کہا کہ پولیس نے انٹیلی جنس اطلاع کی بنا پر یہ کارروائی کی تھی اور اس کو یہ اطلاع ملی تھی کہ مشتبہ جنگجو شہر میں اہم تنصیبات اور معروف شخصیات کو اپنے حملوں میں نشانہ بنانے کی سازش کررہے ہیں۔مصری فوج نے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں گذشتہ کوئی سوا ایک سال کے دوران میں مختلف اوقات میں سیکڑوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کی اطلاعات دی ہیں۔

(جاری ہے)

مصری فوج صدر عبدالفتاح السیسی کے حکم پر گذشتہ سال فروری سے ’’سیناء 2018ء ‘‘ کے نام سے داعش کے انتہا پسندوں کے قلع قمع کے لیے ایک بڑی فوجی کارروائی کررہی ہے۔مصری فوج شمالی سیناء کے علاوہ وسطی نیل ڈیلٹا اور لیبیا کی سرحد کے ساتھ واقع مغربی صحرا میں بھی مختلف گروپوں سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔مصری فوج کے ایک بیان کے مطابق اس کارروائی میں اب تک 650 جنگجو ہلاک اور 45 فوجی مارے جاچکے ہیں۔