متحدہ عرب امارات میں غیر ملکیوں کی مستقل رہائش کیلئے گولڈن کارڈ کا اجرا

طب، انجینئرنگ اور سائنس میں غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد فائدہ اٹھا سکیں گے،اماراتی حکام

بدھ 22 مئی 2019 22:20

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی شہریوں کے لیے مستقل سکونت کی سہولت کی فراہمی کے لیے گولڈن کارڈ پروگرام کا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اماراتی حکام نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر محمد بن راشد المکتوم نے غیر ملکی شہریوں کو مستقل بنیادوں پر اقامہ دینے کے لیے گولڈن کارڈ مستقل سکونت پروگرام کا اعلان کردیا ہے، ابتدائی طور پر اس سہولت سے 6800 تارکین وطن فائدہ اٴْٹھا سکیں گے۔

(جاری ہے)

گولڈن کارڈ مستقل سکونت پروگرام سے طب، انجینئرنگ اور سائنس کے شعبے میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے حامل غیر ملکی فائدہ اٴْٹھا سکیں گے، یہ ویزہ اسکیم متحدہ عرب امارات میں سائنس و طب کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے لائی گئی ہے۔ یو اے ای گولڈن کارڈ اسکیم سے غیر معمولی سرمایہ کار بھی فائدہ اٴْٹھا سکیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل غیر ملکیوں کے لیے امریکی گرین کارڈ کی طرز پر مستقل اور مخصوص مدت کے لیے کارآمد منفرد اقامہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ معاشی سرگرمیوں اور سائنس و طب میں ترقی کے لیے مستقل رہائش کے حامل ویزہ اسکیم متعارف کرائے جا رہے ہیں۔