Live Updates

لاہور ہائیکورٹ کے جج کی وزیراعظم کے خلاف درخواست کی سماعت سے معذرت

کیس کسی اور عدالت میں مقرر کرنے کیلئے فائل چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھجوا دی

بدھ 22 مئی 2019 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے جج نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نیوزیراعظم کے بیرون ممالک دوروں پر اخراجات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے متفرق درخواست پر سماعت سے معذرت کی ہے۔عدالت نے کیس کو کسی اور عدالت میں مقرر کرنے کیلئے فائل چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھجوا دی۔

جسٹس شاہد کریم نے لائرز فاونڈیشن فار جسٹس کی متفرق درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ وہ اس کیس کی سماعت نہیں کرنا چاہتے۔درخواست گزار وکیل اے کے ڈوگر نے کہا کہ میرا کوئی بھی کیس سماعت کیلئے مقرر ہوتا ہے تو اسے دوسری عدالت کیوں بھیج دیا جاتا ہی جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ یہ انکا صوابدیدی اختیار ہے ،وہ اس کیس کی سماعت نہیں کرنے چاہتے۔

(جاری ہے)

لائرز فاونڈیشن فارجسٹس کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ خصوصی طیاروں میں سفر نہیں کریں گے ۔عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے ، اسلام میں بھیگ مانگنا منع ہے اور وزیراعظم نے سعودی عرب سے 3 بلین ڈالر مانگے۔درخواست گزار کے مطابق تھر میں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں اور وزیراعظم عمران خان شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اور بیرون ملک دوروں کے لیے خصوصی جہاز استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت معلومات حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے،عدالت عمران خان کے 9 ممالک میں خصوصی طیاروں پرکیے جانے والے سفر پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرے ۔یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔عمران خان کے خلاف متفرق درخواست پر کیس کی سماعت آئندہ ہفتے میں ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات