کراچی ، خورشید جمالی سمیت 3 ملزمان 25 مئی تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے

خورشید جمالی سمیت دیگر ملزمان پر سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈس پیچ کمپنی سے متعلق تحقیقات میں بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں

بدھ 22 مئی 2019 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) کراچی کی احتساب عدالت نے سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈس پیچ کمپنی میں بے قاعدگیوں سے متعلق کیس میں خورشید جمالی سمیت 3 ملزمان کو 25 مئی تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔قومی احتساب بیورو( نیب) کراچی نے کراچی سے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیئرمین خورشید جمالی سمیت نجی کمپنی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو حراست میں لیا تھا۔

جنہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تینوں پر سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈس پیچ کمپنی سے متعلق تحقیقات میں بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں۔لہذا تفتیش کیلئے ملزمان کا ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے ملزمان کو 25 مئی تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔واضح رہے کہ خورشید جمالی کئی برسوں سے سندھ حکومت کے ساتھ کئی شعبوں میں کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہے ،کراچی سے سو کلومیٹر دور سپر ہائی پر نوری آباد پاور پلانٹ کی ڈس پیچ اینڈ ٹرانسمیشن لائن سے متعلق معاملے پر نیب کی تحقیقات میں بھی شامل تھا۔جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کے نتیجے میں خورشید جمالی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیاگیا تھا۔