Live Updates

بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگا،نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے گی:عثمان بزدار

وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرینگے، غیر ضروری اخراجات کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائینگے،پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، آئندہ مالی سال 2019-20ء کے بجٹ اور ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کا جائزہ

بدھ 22 مئی 2019 23:15

بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگا،نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں آئندہ مالی سال 2019-20ء کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے نئے مالی سال 2019-20ء کا بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگااوربجٹ میں نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے گی۔

وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریںگے۔انہوںنے کہا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیںگے اورایسے اقدامات تجویز کیے جائیں جن سے وسائل میں اضافہ ہواورعام آدمی کو ریلیف ملے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روایتی طریقہ کار ترک کر کے منفردانداز سے وسائل میں اضافے کیلئے کام کیاجائے اور معاملات کو بہتر انداز سے آگے بڑھانے کیلئے آؤٹ آف دی باکس حل سامنے لائے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گااوراس مقصد کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حقیقت پسندانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے عوام کی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

پنجاب میں خوشحالی اور ترقی کا نیا باب کھلے گا-سماجی شعبے کی بہتری کیلئے نئے اقدامات کریںگے۔ وزیراعلیٰ کو آئندہ مالی سال 2019-20ء کے بجٹ اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، مشیر اقتصادی امور و پلاننگ ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات