پولیس اور شہری مل کر امن و امان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں،سی سی پی او

سزا سے زیادہ اصلاح سے زیادہ بہتری آسکتی ہے،عوام میں پولیس کا ڈر نہیں احترام چاہتے ہیں،بی اے ناصر ۱پولیس کی امیج بلڈنگ وقت کی ضرورت ہے، عرفان کھوسٹ کا عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنے کے لئے مہم کا اعلان

بدھ 22 مئی 2019 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ پولیس اور شہری مل کر امن و امان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔ لاہور پولیس کے 311 جوانوں اور افسروں نے حالیہ برسوں میں شہادت کا مرتبہ حاصل کیا۔ چند عناصر کے اقدامات کی بنا پر پورے محکمے کا تاثر منفی نہیں ہونا چاہیئے۔ معروف اداکار عرفان کھوسٹ اور وائس چئیرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل مہناز سعیدسے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر پولیس کی قربانیوں کا اچھے انداز میں ذکر ہونا چاہیئے۔

داتا دربار پر 8 مئی کو خودکش حملے کے بعد بھی لاہور پولیس کے مورال میں کوئی فرق نہیں پڑا اور تمام افسر اور جوان بھرپور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف اداکار عرفان کھوسٹ نے عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنے کے لئے مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی امیج بلڈنگ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے محافظ کو احترام نہ دیا تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوسکتا ہے۔

پولیس کو اپنا ساتھی سمجھنا ہوگا، یہ ہمارے ہی بہن بھائی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے لیجنڈ اداکار کے جذبے اور سوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی شخصیات کے تعاون سے آگاہی کی مہم میں تیزی آ سکتی ہے۔ سزا سے زیادہ اصلاح کے عمل سے زیادہ بہتری آسکتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام میں پولیس کا ڈر نہیں بلکہ احترام ہو۔ لاہور پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے لئے شفٹ سسٹم کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔

بین الاقوامی فورمز پر بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ لاہور میں کرائم ریٹ میں کمی آئی ہے۔ کسی بھی معاشرے میں عوام اگر پولیس کا ساتھ نہ دیں تو جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ منفی مہم چلانے سے مثبت نتائج نہیں نکل سکتے۔ وائس چئیرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل مہناز سعید نے سی سی پی او لاہور سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی استعدادکار میں اضافہ کارکردگی میں اضافے کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر سماجی شخصیت شاہد قادر بھی موجود تھے۔