پاکستان کی ترقی میں زراعت کے شعبے کا مرکزی کردار ہے،وی سی زرعی یونیورسٹی ڈیرہ

بدھ 22 مئی 2019 23:49

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد خان نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی میں زراعت کے شعبے کا مرکزی کردار ہے اس شعبے میں جدید تحقیق کے ذریعے کسان اپنی پیداوار میں اضافہ اور ملکی معیشت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رتہ کلاچی زرعی ریسرچ سنٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا انہوں نے ڈائریکٹر عبدالمجید بابر، سینئر آفیسرز قیوم خان گنڈہ پور، پرویز خان گنڈہ پور،سید عنایت شاہ، عمران لوہانی اور دیگر افسران سے ملاقات کے دوران زراعت کے میدان میں تحقیق کے حوالے سے سنٹر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کے قریب ہے جس سے زرعی میدان میں مزید تحقیق کو فروغ حاصل ہوگا اور اس کے ثمرات سے یہاں کے باسی مستفید ہوں گے اور حقیقی فائدہ ملکی معیشت کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا زرعی یونیورسٹی کے جلد قیام کو یقینی بنانے میں انتہائی سنجیدہ ہے مقامی انتظامیہ کمشنر ڈیرہ اور دیگر حکام بھی اس ضمن میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں انشااللہ جلد ہی عوام کو خوشخبری دیکھنے اور سننے کو ملے گی۔