لاہور کو جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام ، جعلی دودھ کا ٹینکر پکڑا گیا، 10 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ تلف

پاسچرائزیشن کا آزمائشی پراجیکٹ جلد لاہور سے شروع کر کے عوام کو خوشگوار تحفہ دیں گے،کیپٹن (ر) محمد عثمان

بدھ 22 مئی 2019 23:52

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں ڈیری سیفٹی ٹیموں نے رات گئے ملاوٹ مافیا پر ایک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے لاہور کو جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنادی ہے۔خفیہ اطلاع پر ناکہ لگا کر کارروائی کے دوران جعلی دودھ کا ٹینکر پکڑا گیا اور 10 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں لاہورکو جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈٖیری سیفٹی ٹیموں نے جعلی دودھ کا ٹینکر پکڑلیا جس میںموجود 10 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ تلف کر دیا گیا۔جعلی دودھ کا ٹینکر قصور کے گائوں واں کھاراں میں تیار کر کے لاہور لایا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

خفیہ اطلاع پر شفیق بھٹی نامی پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، تو ٹیم پہنچنے سے پہلے ہی مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

کارروائی کے دوران تمام دودھ موقع پر تلف جبکہ بھاری مقدار میں پائوڈر، گھی اور دیگر خام مال برآمد کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی دودھ کے انتہائی گاڑھے محلول میں دوکانوں پر مزید پانی ڈال کر مقدار کو بڑھایا بھی جانا تھا۔دودھ میں اس قدر ملاوٹ کی گئی تھی کہ مشین پر ٹیسٹ کے نتائج بالائی حدوں کو چھو گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹی دودھ خاموش زہر قاتل اور ہماری نسلوں کا دشمن ہے۔معیاری دودھ کی فراہمی وزیر اعظم پاکستان اور حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔خالص دودھ کی یقینی فراہمی کے لیے ملاوٹ مافیا کا مکمل راستہ روکنا لازم ہے۔پاسچرائزیشن پالیسی پر عمل درآمد ہی معیاری دودھ کی فراہمی کا واحد راستہ ہے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ پاسچرائزیشن کا آزمائشی پراجیکٹ جلد لاہور سے شروع کر کے عوام کو خوشگوار تحفہ دیں گے۔ پاسچرائزیشن پائلٹ پراجیکٹ کی منصوبہ بندی کے لیے مختلف علاقوں کا جلد سروے کر رہے ہیں۔خواہش ہے کہ جدید ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عوام آنکھیں بند کرکے خالص اور صحت بخش دودھ خریدی۔