Live Updates

موجودہ حکومت 10ماہ میں ہی سیاسی ، معاشی اور اخلاقی طور پر مکمل دیوالیہ ہو چکی ہے ،خواجہ آصف

عید الفطر کے بعد ایوان کے اندر اور باہر مہنگائی کے خلاف بڑی جنگ کا آغاز کیا جائے گا،حکومت میں شامل کرائے کے نااہل چہرے وزارتوں سے چمٹے ہیں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں تمام دستیاب وسائل اور پلیٹ فارم سے باہر نہ نکلے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ، پارلیمانی لیڈر و سابق وزیر دفاع

جمعرات 23 مئی 2019 00:25

موجودہ حکومت 10ماہ میں ہی سیاسی ، معاشی اور اخلاقی طور پر مکمل دیوالیہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 10ماہ میں ہی سیاسی ، معاشی اور اخلاقی طور پر مکمل دیوالیہ ہو چکی ہے عید الفطر کے بعد ایوان کے اندر اور باہر مہنگائی کے خلاف بڑی جنگ کا آغاز کیا جائے گاحکومت میں شامل کرائے کے نااہل چہرے وزارتوں سے چمٹے ہیں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں تمام دستیاب وسائل اور پلیٹ فارم سے باہر نہ نکلے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی موجودہ دو نمبر حکومت کے خلاف جب بھی تحریک کی کال دی گئی راولپنڈی اس تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام راولپنڈی میں سابق رکن قومی اسمبلی و پنجاب کے نو منتخب نائب صدورمحمد حنیف عباسی اور انجینئر قمر الاسلام کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا افطار ڈنر کا اہتمام مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم نے کیا تھا جبکہ افطار ڈنر سے حنیف عباسی ، انجینئر قمر الاسلام اور سردار نسیم نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سینیٹر چوہدری تنویر احمد خان ،راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار سجاد خان سابق اراکین اسمبلی ملک ابرار، راجہ حنیف ،چوہدری سرفراز افضل ،زیب النسا اعوان ،تحسین فواد، نجمہ حمید ، طاہرہ اورنگزیب ، لبنیٰ ریحان سمیت یونین کونسلوں کے چیئر مینوں ، وائس چیئر مینوں ، کنٹونمنٹ بورڈ کے منتخب اراکین مقامی مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی خواجہ آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت ختم کرنے سے لے کر انہیں بیٹی سمیت جیل بھجوانے اس دوران ان کی اہلیہ کے انتقال ،اور مسلم لیگ کے خلاف مسلسل انتقامی کاروائیوں کی وجہ سے ن لیگ میں قربانیوں کا سلسلہ رکا نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے کہ جو ابتدائی چند ماہ میں عوام میں اس قدر ناپسندیدہ ہو چکی ہے کہ بہت جلد عوام اس کے احتساب کے لئے سڑکوں پر ہوں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دعووں کی حد تک تو بہت بڑے لیڈر ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کا ایک بھی دعویٰ آج تک سچ ثابت نہیں ہوا اور کھوکھلے دعوے بری طرح بے نقاب ہو رہے ہیں اس کے باوجود عمران خان کی جانب سے عوام کو نہ گھبرانے کی تلقین نے عوام کو مزید گھبراہٹ میں مبتلا کر دیا ہے موجودہ حکومت 10ماہ میں ہی سیاسی ، معاشی اور اخلاقی طور پر مکمل دیوالیہ ہو چکی ہے اور حکمرانوں کے پاس نواز شریف دور کے منصوبوں پر تختیاں لگانے کے سوا کچھ ہاتھ میں نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا جو طوفان ہے عید الفطر کے بعد ایوان کے اندر اور باہر مہنگائی کے خلاف کھلی جنگ لڑی جائے گی اور مسلم لیگ ن کی تمام قیادت کندھے سے کندھا ملا کر اپنے قائد کی کال پر میدان میں نکلنے کو تیار بیٹھی ہے ہر روز معیشت ایک نئی تباہی کا شکار ہو رہی ہے اگر اس وقت مسلم لیگ ن سمیت ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں تمام دستیاب وسائل اور پلیٹ فارم سے باہر نہ نکلے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی موجودہ حکومت کے پاس اس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا نہ کوئی پروگرام ہے اور نہ ہی کوئی منصوبہ بندی ہے حکومت میں شامل کرائے کے نااہل چہرے وزارتوں سے چمٹے ہیں لیکن اب جلد مہنگائی کے خلاف اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے تحت جنگ کا بگل بجنے والا ہے حنیف عباسی نے کہا کہ میں نے جو9ماہ جیل میں گزارے اس میں پارٹی قیادت ، کارکنوں اور سب سے بڑھ کر راولپنڈی کے عوام نے مجھے بہت حوصلہ دیا جس کے سبب مجھے اللہ نے سرخرو کیا انتہائی نامساعداور کٹھن حالات کے باوجود میرے قائد نواز شریف اور شہباز شریف نے میرا ہاتھ اور ساتھ نہیں چھوڑا اور میرے بچوں کو بھی ہر قدم پر حوصلہ دیامجھے اپنی پارٹی اور قیادت پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی اب جو بھی کال دے گی ہم اس پر متحد ہو کر باہر نکلیں گے سردار نسیم نے کہا کہ ملک بھر کی طرح راولپنڈی کے عوام بھی اپنے قائد کی حتمی کال کے منتظر ہیں اور پورے ملک سے کارکن اپنے قائد کے شانہ بشانہ موجودہ نطام کے خلاف نکلیں گے انہوں نے کہا کہ موجودہ دو نمبر حکومت کے خلاف جب بھی تحریک کی کال دی گئی راولپنڈی اس تحریک میں ہپر اول دستے کا کردار ادا کرے گا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات