ترکی کے فوجی عہدیدار ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی تربیت کے لیے روس روانہ

جمعرات 23 مئی 2019 09:45

انقرہ۔ 23مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ترکی نے روس سے خرید کیے جانے والے میزائل دفاعی نظام ایس 400 کی تربیت کے لیے اپنے فوجی اہلکاروں کو ماسکو بھیج دیا ہے اور روس سے ماہرین بھی آئندہ مہینوں کے دوران میں ترکی آئیں گے۔ترک وزیر دفاع حلوسی عکار نے ایک بیان میں اپنے فوجیوں کو روس بھیجنے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی امریکا سے روس سے میزائل دفاعی نظام اور امریکی ایف 35 لڑاکا جیٹ کی خریداری کے معاملے پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن ان کا ملک امریکا کی ممکنہ پابندیوں کے لیے بھی تیار ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکا سے پیٹریاٹ میزائل اور شام میں دریائے فرات کے مشرقی کنارے کے علاقے کی صورت حال کے بارے میں بھی بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔ان کے بقول ترکی امریکا کی جانب سے پیٹریاٹ نظام کی فروخت کی پیش کش کے بعد جنگی آلات ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پیداوار سے متعلق امور پر بات چیت کررہا ہے۔حلوسی عکار نے کہا کہ ترکی ایف 35 لڑاکا جیٹ کے منصوبے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کررہا ہے اور اس کو امید ہے کہ یہ پروگرام منصوبے کے مطابق جاری رہے گا۔واضح رہے کہ امریکا کا کہنا ہے کہ ترکی بیک وقت یہ جدید لڑاکا طیارے اور روس سے میزائل دفاعی نظام خرید نہیں کرسکتا۔