سعودی محکمہ دفاع نے نجران میں حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

جمعرات 23 مئی 2019 10:20

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) سعودی عرب کے محکمہ دفاع کے حکام نے سرحدی علاقے نجران کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیا گیا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے نجران میں حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے منگل کو بھی نجران میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے سعودی سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گرد کارروائیاں کرنے، اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے۔