مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے، شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، اشرف صحرائی

تنازعہ کشمیر نے کشمیر کی کئی نسلوں کو خون میں نہلایا ہے اور اسی مسئلے کی وجہ سے پورے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے

جمعرات 23 مئی 2019 12:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام میں شہید ہونیو الے دو کشمیری نوجوانوں زاہد احمد منٹو اور عرفان منظورکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قصبے کے خاتمے کیلئے اپنی قیمتی جانیں لٹا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمداشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر نے کشمیر کی کئی نسلوں کو خون میں نہلایا ہے اور اسی مسئلے کی وجہ سے پورے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں کہا کہ بھارت نے آزادی کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں مقبوضہ وادی کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے اور لاکھوں فوج یہاں تعینات کر رکھے ہیں۔

محمد اشرف صحرائی نے اپنے بیان میں بامعنی ،غیر مشروط اور مسلسل مزاکرات کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے عین مطابق حل نہیں کیا جاتا،خون خرابہ جاری رہے گا اور انسانی جانوں کا اتلاف نہیں رکے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے لیکن عالمی برادری خاموش ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم روکنے کیلئے موثر کردار ادا کریں اور بھارت سے اس حوالے سے جواب طلب کریں۔