ون ڈے رینکنگ ،ٹاپ آل راﺅنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا راج

ابتدائی10کھلاڑیوں میں عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی شامل،شکیب نمبر ون

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 مئی 2019 12:39

ون ڈے رینکنگ ،ٹاپ آل راﺅنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا راج
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مئی 2019ء) ٹاپ آل راﺅنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا راج ہے ابتدائی10کھلاڑیوں میں عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں دونوں بالترتیب چوتھے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ بنگلہ دیشی شکیب الحسن نمبر ون کے اعزاز کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلیں گے افغانستان کے بھی 2 کرکٹر راشد خان اور محمد نبی فہرست میں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران ٹیموں کا زیادہ انحصار اپنے آل راﺅنڈرز پر ہو گا جو بیٹ اور گیند دونوں کے ساتھ کامیابی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کپتانوں کو متوازن الیون میدان میں اتارنے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔ سینئر ترین بنگلہ دیش کھلاڑی شکیب الحسن بطور نمبرون آل راﺅنڈر ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ 32 سالہ کرکٹر اس وقت بہترین فارم میں ہیں، انھوں نے آئرلینڈ میں کھیلی گئی ٹرائنگولر سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، شکیب نے140 رنز بنائے، جس میں 2ناقابل شکست ففٹیز شامل تھیں، انھوں نے2 وکٹیں بھی لیں،وہ اس وقت آل راﺅنڈرز رینکنگ میں شکیب359 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے بعد سابق نمبرون افغانی راشد خان ہیں، تیسری پوزیشن پر ایک اور افغان آل راﺅنڈر محمد نبی 319 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہیں۔ پاکستان دوسری ٹیم ہے جس کے 2آل راﺅنڈر ٹاپ 10 میں شامل ہیں، ان میں سے عماد وسیم چوتھے جبکہ محمد حفیظ ساتویں نمبر پر ہیں، ان دونوں کے درمیان نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر پانچویں اور انگلینڈ کے کرس ووکس چھٹے نمبر پر قابض ہیں۔

ویسٹ انڈیز کپتان جیسن ہولڈر آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ زمبابوے کے سکندر رضا نے نویں پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔ انگلینڈ کو اپنے آل راﺅنڈر بین سٹوکس سے ورلڈ کپ میں کافی امیدیں ہیں، وہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز سے صرف 8 پوائنٹس پیچھے ہونے کی وجہ سے ٹاپ 10میں جگہ نہیں بنا پائے اور 11ویں درجے پر موجود ہیں۔ سری لنکاکے سابق کپتان میتھیوز کا دسواں نمبر ہے۔