جاپان میں چینی موبائل کمپنی ہواوے کے نئے سمارٹ فون کی فروخت معطل کرنے کا فیصلہ

جمعرات 23 مئی 2019 13:03

جاپان میں چینی موبائل کمپنی ہواوے کے نئے سمارٹ فون کی فروخت معطل کرنے ..
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) جاپان کی اہم موبائل فون کمپنیوں کے ڈی ڈی آئی اور سافٹ بینک کا کہنا ہے کہ وہ چین کی موبائل کمپنی ہواوے ٹیکنالوجیزکے نئے پی 30 اسمارٹ فون کی فروخت معطل کردیں گی۔ یہ سمارٹ فون رواں ماہ کے اواخر میں جاپان میں پیش کیا جانا تھا۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق چین کی ہواوے ٹیکنالوجیز کو جاپان میں اپنی پراڈکٹس کی سیل کے لئے نئے چیلنجز درپیش ہیں ۔

جاپانی موبائل فون کمپنیوں نے مذکورہ فونز کے پیشگی آرڈرز لینا بھی روکنے کا اعلان کیا ہے ۔ مذکورہ کمپنیاں یہ جواز دے رہی ہیں کہ اٴْنہیں اِس اًمر کی تصدیق کی ضرورت ہے کہ آیا امریکا اور چین کی جاری تجارتی محاذ آرائی کے دوران ہواوے قابلِ بھروسہ طریقے سے فون فراہم کر سکتی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

جاپانی ٹیلی کام کی دیوہیکل این ٹی ٹی کے حکّام کا کہنا ہے کہ اٴْنہوں نے بھی مذکورہ فون کے پیشگی آرڈرز معطل کر دیئے ہیں۔

ہواوے کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ کمپنی کے کاروبار پر امریکی پابندیوں کے باوجود وہ جاپان میں اپنے اسمارٹ فون فروخت کرنے کے اہداف تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ہواوے ٹیکنالوجیز جاپان نے اقدامات پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اٴْس کا کہنا ہے کہ کمپنی گھریلو برقی مصنوعات کے اسٹورز کے ذریعے جاپان میں اپنے نئے نمونے کے فونز طے شٴْدہ منصوبے کی مطابق پیش کرے گی۔