شوبز انڈسڑی کی شخصیات فرشتہ کیلئے سوگوار

ماہرہ خان ، جواد احمد ، حمزہ علی عباسی کی انصاف کیلئے اپیل

جمعرات 23 مئی 2019 13:29

شوبز انڈسڑی کی شخصیات  فرشتہ کیلئے سوگوار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) پاکستانی شوبز انڈسڑی کی شخصیات نے فرشتہ کے لئے آواز اٹھا لی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چند روز قبل زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی فرشتہ مہمند کی لاش چک شہزاد اسلام آباد کے قریبی ایک جنگل سے ملی تاہم ابھی تک قاتلوں کا پتہ نہیں چل سکا جس پر نہ صرف بچی کے گھر کے لواحقین ، عوام غمزدہ ہیں بلکہ شوبز انڈسڑی کی نامور شخصیات نے بھی افسوس اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات ہضم نہیں کر پا رہی، کہ کوئی ننھی بچی کے ساتھ ایسے بھی کر سکتا ہے جبکہ اداکار حمزہ علی عباسی نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے فرشتہ مہمند کے لئے انضاف کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ژالہ سرحدی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت فرشتہ مہمند کی فیملی کے ساتھ کھڑی ہیں اور عوام سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ ننھی پری کی دردناک تصویریں لگانے سے گریز کریں کیونکہ یہ تصاویر ان کے گھر والوں کے لئے تکلیف کا باعث ہیں۔ گلوکار جواد احمد نے بھی ننھی پری کے لئے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فرشتہ کی تصاویر دیکھ کر میرے دل کو بے حد تکلیف پہنچی ہے ۔