کٹھوال کے علاقہ بانڈی منصور کی سکول گلی میں کیری سوزوکی کھائی میں گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے

جمعرات 23 مئی 2019 14:24

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ایبٹ آباد کی یونین کونسل کٹھوال کے علاقہ بانڈی منصور کی سکول گلی میں کیری سوزوکی کھائی میں گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے، ہزاروں اشکبار آنکھوں کے سامنے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحومین کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ نواں شہر کی حدد اور یونین کونسل کٹھوال کے گائوں بانڈی منصور سے سکول گلی آنے والی کیری سوزوکی ڈرائیور ملک سعید ولد محمد صادق سکنہ بانڈی منصور سے بے قابو ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجہ میں کیری سوزوکی ڈرائیور ملک سعید اور ان کے ساتھ کوہاٹ سے آیا اس کا مہمان باسط ولد عرفان سکنہ کوہاٹ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعشیں کھائی سے نکال کر ورثاء کے حوالہ کر دیں۔ جاں بحق ملک سعید کی نماز جنازہ بانڈی منصور اور باسط کی نماز جنازہ کوہاٹ میں ادا کر دی گئیں جس کے بعد انہیں اپنے اپنے آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔