قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم سری لنکاکے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے لاہور سے کولمبو روانہ، جیت کر واپس آئیں گے ،کپتان روحیل نذیر

جمعرات 23 مئی 2019 14:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم سری لنکن کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے لاہور سے کولمبو روانہ ہوگئی۔ سیریز 26 مئی سے 5 جون تک ہمبنٹوٹا سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی ٹیم کا دورہ سری لنکا پہلے 6 سے 20 مئی تک شیڈول تھا لیکن کولمبو میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی وجہ سے شیڈول کو تبدیلی کیا گیا۔

پاکستان ٹیم میں کپتان روحیل نذیر، محمد طحٰہ، عباس آفریدی، اختر شاہ، باسط علی، حیدر علی، خیام خان، محمد حارث، محمد جنید، محمد وسیم، نیاز خان، سیام ایوب، شیراز خان، سلیمان شفقت اور قاسم اکرم شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے مطابق مذکورہ ون ڈے سیریز اگلے سال 7 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر۔

(جاری ہے)

19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ روانگی سے قبل پاکستان انڈر۔19 ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے کھلاڑیوں کو انڈر۔19 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی جیت کے عزم سے سری لنکا جارہے ہیں۔ مڈل آرڈر بلے باز طحٰہ نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ ری شیڈول کرنے پر پی سی بی کے مشکور ہیں۔ دورہ سری لنکا کیلئے ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور ہم مثبت نتائج کی توقع کر رہے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سمیع ایوب نے کہاکہ کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ ہم سیریز جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ ٹیم میں چند نئے لڑکے شامل ہیں جو کہ سری لنکن ٹیم کے خلاف اپنا ڈیبیو کریں گے اور انہیں تجربہ کار کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔