اے این ایف نی ملک گیر کارروائیوں کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی 503 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 23 ملزمان کو حراست میں لے لیا

جمعرات 23 مئی 2019 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے 21 ملک گیر کارروائیوں کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی 503 کلو گرام منشیات برآمد کر کے منشیات اسمگلنگ میں ملوث 23 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ اے این ایف نے 8 گاڑیاں بھی تحویل میں لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 102.31کلو گرام چرس، 13.934 کلو گرام ہیروئن، 376.6 کلو گرام افیون، 4.625 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 5.184 کلوگرام ایمفیٹامائن (آئس) شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران پرواز نمبر PA-272 سے جدہ جانے والے ہنگو کے رہائشی انصاف گل نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 1.130 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے جی ٹی روڈ، اسلام آباد پر واقع ترنول پھاٹک کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں موجود خواتین کے لہنگوں اور گاڑی کے دروازوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 3.580 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی سلیم خان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے مین جی ٹی روڈ جہلم پر واقع ترکئی ٹول پلازہ کے قریب شیخوپورہ کے رہائشی محمد شہزاد نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1 کلو گرام چرس اور ایک کلو گرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نوشہرہ کے رہائشی ثاقب خان نامی مسافر کو تحویل میں لے کر دوران تلاشی اس کے بیگ سے 2.920 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

ملزم پرواز نمبر GF-771 کے ذریعے مدینہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔ پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر EK-613 مانچسٹر (براستہ دبئی) جانے والے گجرات کے رہائشی زاہد حسین نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں چھپائی گئی 10.354 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صوابی کے رہائشی محمد شاہد نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں موجود احرام میں جذب کی گئی 1.134 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم پرواز نمبر PA-270 کے ذریعے جدہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر مبنی ساتویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے مین جی ٹی روڈ، اسلام آباد پر واقع بگّا موڑ کے قریب ایک بیڈ فورڈ ٹرک کو روک کر دوران تلاشی لی۔

ٹرک میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 308.4 کلو گرام افیون اور 51.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی جبکہ موقع پر موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی سید افضل اور عزیز الرحمان نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف لاہور نے سمبڑیال ڈرائی پورٹ، سیالکوٹ کے قریب کارروائی کے دوران سیالکوٹ کے رہائشی محمد انور نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر دوران تلاشی اس کے قبضے سے 1.050 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے مظفر گڑھ میں واقع گودر چوک کے قریب موٹرسائیکل پر سوار مظفر گڑھ کے رہائشی غلام شبیر اور اختر عباس نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے گودر چوک، مظفر گڑھ کے قریب محمد عنصر نامی موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ٹھوکر نیاز بیگ انٹرچینج، لاہور کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ میں چھپائی گئی 1.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی نیاز الله نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے اشفاق چوک، لاہور کے قریب واقع علی ہوٹل سے خیبر ایجنسی کے رہائشی جاوید خان نامی ملزم کے قبضے سے 1.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے سرگودھا روڈ، فیصل آباد پر واقع الائیڈ موڑ کے قریب فیصل آباد کے رہائشی محمد توصیف نامی ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ساتویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ملتان میں واقع العباس ویگن سٹینڈ کے قریب شہزاد مسیح نامی مقامی منشیات فروش کے ذاتی قبضے سے 500 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

آٹھویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے وہاڑی چوک، ملتان کے قریب واقع فیصل موور بس ٹرمینل سے منڈی بہائوالدین کے رہائشی شفقت الله نامی ملزم کے قبضے سے 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ نویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے رورل ہیلتھ سینٹر، اڈّہ بصیرہ، مظفرگڑھ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار مظفر گڑھ کے رہائشی محمد حنیف اور شامیر حسین نامی دو ملزمان کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمل میں لائی گئی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران نوشہرہ کے رہائشی سید شمس الحق اور محمد اقبال نامی دو مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے بیگ اور بریف کیس میں چھپائی گئی بالترتیب 1.275 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 1.5 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔دونوں ملزمان پرواز نمبر PA-670 کے ذریعے جدہ کے لئے روانہ ہو رہے تھے۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے رنگ روڈ، پشاور پر واقع کوہاٹ پل کے قریب ایک سوروکی کلٹس گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈگّی میں چھپائی گئی 67.2 کلو گرام افیون اور 16.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود کوہاٹ کے رہائشی عاصم رضا نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر SV-797 جدہ جانے والے بونیر کے رہائشی علی شیر نامی مسافر کے بیگ سے 1.850 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کرلی۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرواقع کارگو ٹرمینل سے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس سے 560 گرام چرس برآمد کر لی ۔برآمد شدہ منشیات 10 عدد ٹرائوزرز میں چھپائی گئی تھی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔