حکومت ذخیرہ اندوزوں کو گرفت میں لاکر آخری عشرے میں عوام کوسستی اشیاء مہیا کرے، رفیق سلیمان

جمعرات 23 مئی 2019 16:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے سابق چیئرمین اورمعروف ایکسپورٹر رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں ملک کے غریب اورمتوسط طبقے کے افراد کیلئے سحری اور افطار بھی مشکل بنادیا گیا ہے، حکومت دیگر مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں ذخیرہ اندوزوں کو گرفت میں لاکر ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں روزے داروں کیلئے اشیاء خوردنوش، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ میں کمی کا اعلان کرے تاکہ آخری عشرے میں ملک بھر کے عوام کوسستی اشیاء میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رفیق سلیمان نے دعوت اسلامی کی جانب سے رمضان المبارک میں کی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعوت اسلامی 600 سے زائددارالعلوم چلا رہی ہے جہاں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ علم دین کی شمع کو روشن کیا جارہا ہے۔ رفیق سلیمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں کاروباری افراد ثواب کی نیت سے بھی اپنی تجارت جاری رکھیں تو ان کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے تاجر بھاری منافع پر نظر رکھنے کے بجائے نیکیوں پر نظر رکھیں۔