قومی ادارہ صحت کی صوبہ خیبر پختو نخوا میں پولیو کے مزید 2کیسوں کی تصدیق

جمعرات 23 مئی 2019 16:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) قومی ادارہ صحت نے صوبہ خیبر پختو نخوا میںپولیو کے مزید 2کیسوںکی تصدیق کردی، پولیو کے ان متاثرین میںشمالی وزیرستان سی17ماہ کی بچی اورڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والی 12سالہ بچی میںپولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دو نئے کیس سامنے آنے کے بعدرواں سال کے دوران خیبر پختو نخوا میںپولیو کیسز کی مجموعی تعداد 13جبکہ ملک بھر میں 19ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی اورصوبہ کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپورسے تعلق رکھنے والی ان بچیوں میں پولیو سے ممکنہ متاثر ہونے کے آثار سامنے آنے پران کے فضلہ کے نمونہ جات لیبارٹری تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹی بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کی رپورٹ میں قومی ادارہ صحت نے دونو ں بچیوں میںپولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔

(جاری ہے)

میرعلی شمالی وزیرستان کی متاثرہ بچی کے والدین کے مطابق ان کی بچی کوپولیو سے بچائو کی ویکسین کی کوئی خوراک نہیں ملی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والی 12سالہ بچی کو حفاظتی ویکسین کی صرف 3 خوراکیں ملی تھیں،پولیو کے نئے کیسوںکی تصدیق کے بعد انسداد پولیو کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر(ای اوسی) خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر کیپٹن(ر) کامران احمد آفریدی نے کہا کہ صوبے میںپولیو کے 2نئے کیس سامنے آنا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ ماحول میں اب بھی پولیو وائر س موجود ہے جوعلاقہ میں ہر بچے کے لئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے جب تک بچوں کی قوت مدافعت کو بہتر کرنے کے لئے ویکسینیشن نہ کرائی جائے کیونکہ طبی ماہرین کے مطابق پولیو مرض زیادہ تر کمزور بچوں کو متاثر کرتا ہیں مگر یہ بڑی عمر کے لوگوں کو بھی معذور کر سکتا ہے خصوصاً جن علاقوںمیںعام آبادی کی قوت مدافعت کم ہو۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پاکستان کے ساتھ دوسرے ممالک میں بھی بڑی عمر کے پولیوکیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان میں رواں سال کے دوران بڑی عمر کے افراد میں پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے۔ نئی صورت حال کے پیش نظرایمر جنسی آپر یشن سنٹرخیبرپختونخوا میںایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس بلایا گیاہے جس میں آئندہ کے لا ئحہ عمل تیار کیا جائے گا۔