اساتذہ یونین کی بحالی کا فیصلہ قابل تحسین ہے، وحدت اساتذہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، حافظ محب الرحمن

جمعرات 23 مئی 2019 17:03

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) اساتذہ یونین کی بحالی کا فیصلہ قابل تحسین ہے، وحدت اساتذہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ وحدت اساتذہ ضلع مانسہرہ کا اہم اجلاس زیر صدارت حافظ محب الرحمن منعقد ہوا جس میں تنظیمی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا گیا جس میں صوبہ میں اساتذہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس فیصلہ سے اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں آسانی اور بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

ضلعی رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع مانسہرہ میں باکردار اور پرمغز قیادت کو انتخاب میں اتارا جائے گا۔ تمام کارکنوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلع میں منظم طور پر انتخابی عمل میں اپنا کردار ادا کریں، ضلعی عہدیداروں کے علاوہ تحصیل مانسہرہ سے مولانا عابد تنولی اور تحصیل پکھل بفہ سے دلدار شاہ کو صدارتی امیدوار کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ ضلع امیدواروں اور دوسری تحصیلوں کے عہدوں کیلئے جلد اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں رشید احمد، مفتی سعید الرحمن اور قاری شیر زمان کے علاوہ دیگر اہم رہنمائوں نے شرکت کی۔