ڈیرہ اسماعیل خان، مفتی محمود لائبریری میں ڈیرہ اسماعیل خان ادبی کارنر قائم کردیاگیا

جمعرات 23 مئی 2019 17:04

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) مفتی محمود لائبریری میں ڈیرہ اسماعیل خان ادبی کارنر قائم کردیاگیا ہے۔اس موقع پر لائبریرین شاہنواز نے بتایا کہ لائبریری میں پچیس ہزار کتب موجود ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کے لئے علیحدہ کمرہ مختص کیاگیا ہے نیز ڈیرہ کی ادبی قلمی علمی کاوشوں کو یکجا کرکے الگ کارنر قائم کیاگیاہے ۔

اس موقع پر ادبی کارنر کے محرک ممتاز معروف کالم نویس گلزار احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ڈیرہ کے لکھاریوںکی یا ڈیرہ سے متعلق کتب اکھٹی ہوں تاکہ تحقیق کرنے والے طلباء وطالبات کے لئے سہولت میسر آئے ۔معروف صحافی ابو معظم ترابی کا کہناتھا کہ نئی نسل کو ڈیرہ کے گزرے ہوئے اور موجودہ ادباء وشعراء سے متعارف کرانے کی یہ چھوٹی سی کاوش ہے جو بہت بڑی کاوش ثابت ہوگی ۔

(جاری ہے)

ریڈیو ڈیرہ کے اسٹیشن ڈائریکٹر محمد نجم الحسن نے ادبی کارنر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈیو دیرہ کو بھی ادبی پروگراموں کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں آسانی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ یہاں پر ادباء وشعراء بالخصوص خواتین کی رسائی سہل ہوگی ۔کتاب (سرائیگی زبان وادب )کے خالق عطاء الاکبر نے کہا کہ مقامی ادب وثقافت او ر تاریخ وتہذیب کا تفظ کرنے کی خاطر ادبی کارنر کا قیام قابل تحسین ہے اسے کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔انہوںنے اپنی کتاب بھی تحفتاًپیش کی ۔