وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کی زیرصدارت پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے متعلق پالیسی مسودہ کا جائزہ اجلاس

ماحولیات کے تحفظ کے لئے پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کیا جانا چاہیے،اسلام آباد میں 14 اگست سے پلاسٹک بیگز کی تیاری، کاروبار اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی جائے گی، ملک امین اسلم

جمعرات 23 مئی 2019 17:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کیا جانا چاہیے، اس سلسلے میں 14 اگست 2019ء سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کی تیاری، کاروبار اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ وہ جمعرات کو یہاں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے متعلق پالیسی مسودہ کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مینوفیکچررز، ماہرین تعلیم، مختلف وزارتوں کے حکام، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں 14 اگست 2019ء سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق پالیسی مسودہ پر غور کیا گیا۔ مجوزہ پالیسی کا مسودہ پر مشاورت کی گئی اور اس حوالے سے کئی تجاویز اور آراء حاصل کی گئیں۔ مجوزہ پالیسی کا حتمی مسودہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی کے نفاذ کے لئے کام کر رہی ہے۔