فرانس کی جانب سے فیصل آباد میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن کی استعداد کار میں بہتری کیلئے پاکستان کو آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی

جمعرات 23 مئی 2019 17:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) فرانس نے فیصل آباد میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن کی استعداد کار میں بہتری کیلئے پاکستان کو 94.010 ملین یورو (11.7 ارب روپی) کا آسان شرائط پر قرضہ دیا ہے۔ قرضہ دینے کیلئے معاہدہ پر دستخط کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے۔

تقریب میں واٹر ریسورسز فیصل آباد فیز ٹو توسیعی پراجیکٹ کیلئے 94.010 ملین یورو کے کریڈٹ فیسیلیٹی ایگریمنٹ پر دستخط ہوئے۔ معاہدہ پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری نور احمد، پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیریٹی اور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر جیکی امپورو نے دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت فرانسیسی ایجنسی 20 سال کے عرصہ میں 6 سال کی رعایتی مدت پر اس پراجیکٹ کیلئے 6 ماہ کی یوری بور اور 62 بیسز پوائنٹس کی بنیاد پر قرضہ فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں زیر زمین پانی کے معیار میں کھارا پن ہے، مجوزہ منصوبہ سے فیصل آباد میں پانی و سینی ٹیشن ایجنسی کی استعداد کار میں بہتری آئے گی۔ اس پراجیکٹ سے فیصل آباد کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی 30 ملین گیلن اضافی یومیہ پانی فراہم کرنے کے قابل ہو سکے گی، اس مقصد کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ کا پلانٹ لگایا جائے گا۔ وزارت اقتصادی امور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فرانسیسی ایجنسی شہری ترقی اور بجلی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت کر رہی ہے۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن کے شعبہ میں فرانس کا پاکستان میں یہ پہلا پراجیکٹ ہے اور اس سے فرانسیسی ایجنسی اور پاکستان کے مابین تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ قبل ازیں پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیریٹی نے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر نے کہا کہ اس سے فیصل آباد کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی، یہ پراجیکٹ حکومت پاکستان کی جانب سے حفظان صحت، شہری خدمات اور حکمت عملی کو بہتر بنانے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی تعلقات کو بہتر اور متنوع بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر اور سیکرٹری اقتصادی امور نے پاکستان کے ساتھ مالی معاونت کو توسیع دینے پر فرانس کی حکومت اور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی کا شکریہ ادا کیا۔