وفاقی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کی تیز ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ، 2304 گاڑیوں کے چالان کئے

جمعرات 23 مئی 2019 17:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے تیز ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2304 گاڑیوں کے چالان کئے۔ جمعرات کو ہیڈ ٹریفک پولیس انسپکٹر رانا مزمل نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں شہری اپنا وقت بچانے اور جلدی اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے گاڑیاں تیز چلاتے ہیں جو کہ حادثات کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں تیز رفتاری کے باعث اکثر شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کا ہر حال میں تحفظ چاہتی ہے، شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو ایف ایم اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی لوگوں کو ٹریفک کے حوالہ سے معلومات فراہم کرتی ہے تاکہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدآمد کریں اور اپنے ساتھ ساتھ دوسرے شہریوں کی جان کا تحفظ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف آئندہ بھی کارروائی کرتی رہے گی اور رواں ماہ تیز رفتاری پر کارروائی کرتے ہوئے 2304 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔