ْامن کمیٹی میں تمام مسالک کے لوگ شامل ہیں جن کا مقصد معاشرے میں امن قائم کرنا ہے،سی پی او

جمعرات 23 مئی 2019 17:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) سٹی پولیس آفیسر(سی پی او) کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا نے کہاہے کہ امن کمیٹی میں تمام مسالک کے لوگ شامل ہیں اور ان سب کا مقصد معاشرے میں امن قائم کرنا ہے ، اور ہم امید کرتے ہیں کہ امن کمیٹی ضلع میں امن قا ئم کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز پولیس لائن ہیڈکوارٹرزمیں امن کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔

پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی ممبران کے ساتھ بسلسلہ یوم علی21رمضان المبارک اجلاس کا انعقاد کیا۔اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا، چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف ، ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی سید علی اکبر ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل ،ڈویژنل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز، ممبران امن کمیٹی ، انجمن تاجران و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میںایس ایس پی آپریشنزسید علی اکبر نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علماء کرام و دیگر امن کمیٹی ممبران کا اس ضلع میں امن قائم کرنے میں بہتر ین کردار رہا ہے اور آئندہ بھی ہم اس بات کی امید کرتے ہیں ۔امن کمیٹی کے ممبران کی جانب سے قاضی عبدالرشید، حافظ اقبال رضوی ،علامہ اظہار بخاری ، علامہ سید طاہر حسین کاظمی اور انجمن تاجران کی طرف سے شاہد غفور پراچہ نے باری باری اظہار خیال کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا کو ضلع راولپنڈی کی کمان سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ21 رمضان المبارک کے جلوسوں کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔