حضرت علی کے یوم شہادت کے موقع پر تجارتی وکاروباری مراکز افطار سے قبل بند رہیں گے، وائس چیئرمین سندھ تاجر اتحاد

جمعرات 23 مئی 2019 17:28

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) سندھ تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین محمد اسماعیل لالپوریہ نے کہا ہے کہ 21 رمضان المبارک بروز پیر حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر جلوس کے باعث کراچی کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بالخصوص جلوس کے راستوں کی تمام مارکیٹیں افطار سے قبل تک بند رہیں گی، البتہ جلوس کے اختتام پر بعد از نماز مغرب تمام کاروباری مراکز حسب معمول کھول دئیے جائیں گے، پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار اور خصوصاً اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے شہر بھر کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا تحاد کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا، اس موقع پر کراچی کی مختلف مارکیٹوں کی تنظیموں اور الائنسوں کے عہدیداران بھی موجود تھے، محمد اسماعیل لالپوریہ نے کہا کہ یوم علیؓ کے موقع پر جلوس کے لئے تمام مارکیٹوں اور جلوس کے راستوں میں آنے والے تجارتی و کاروباری مراکز نماز مغرب سے قبل مکمل طور پر بند رکھے جائے گے اور جلوس کے دوران تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے سندھ تاجر اتحاد کے عہدیداران جلوس میں موجود ہوں گے، انہوں نے کہا کہ بعد نماز مغرب جلوس کے اختتام کے بعد تمام مارکیٹوں اور تجارتی و کاروباری مراکز حسب معمول کھول دئیے جائیں گے تاکہ عوام عید کی خریداری کے لئے ان مارکیٹوں میں آسکیں، رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز اور تمام ڈسٹرکٹ کے پولیس افسران اور بالخصوص مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے حدود میں پولیس اسٹیشنوں کے اسٹیشن آفیسرز (SHO) سے مطالبہ کیا ہے وہ فوری طور پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں اور جس طرح ماضی میں مارکیٹوں و تجارتی و کاروباری مراکز میں بالخصوص افطار تا سحر تک پیٹرولنگ اور پولیس اسنیپ چیکنگ کو فعال کیا جاتا رہا ہے، اس سال بھی اس کے تمام انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں مارکیٹوں اور تمام تجارتی و کاروباری مراکز کی تنظیموں، الائنسوں اور ایسوسی ایشنز سے مکمل تعاون کریں۔