بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تین افسران و دیگر کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ خارج کرکے افسران باعزت بری

جمعرات 23 مئی 2019 17:28

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تین افسران و دیگر کے خلاف کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ خارج کرکے افسران کو باعزت بری کردیا گیا، جمعرات کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کے ڈی اے کے افسر اخلاق احمد نے تھانہ بوٹ بیسن کلفٹن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نذیرلاکھانی، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس ندیم احمد اور لیاقت قائم خانی سمیت نامعلوم افرادکے خلاف بذریعہ ایف آئی آر نمبر 225/2017 زیر دفعہ 504/149/148/147 اور 1407 سی پی سی مقدمہ 3671-2017 درج کرایا تھا جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان افسران و دیگر نامعلوم افراد نے شہید بے نظیر بھٹو پارک میں داخل ہو کر پارک میں توڑ پھوڑ کی اور ملازمین کو ہراساں کیا اوران پر تشدد کیا تاہم عائد کئے گئے الزامات ثابت نہ ہونے پر سیشن عدالت نے اس مقدمہ کو خارج کرکے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام افسران کو باعزت بری کر دیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اس مقدمہ کی پیروی ارشاد علی بندھانی ایڈوکیٹ نے کی۔