وفاقی دارالحکومت مصروف تجارتی مراکز میں عیدالفطر کی آمد آمد کے پیش نظر عید بازاروں کے نام پر تجاوزات مافیا ایک مرتبہ پھر سرگرم ہو گیا

جمعرات 23 مئی 2019 17:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف تجارتی مراکز میں عیدالفطر کی آمد آمد کے پیش نظر عید بازاروں کے نام پر تجاوزات مافیا ایک مرتبہ پھر سرگرم ہو گیا۔ مارکیٹوں کے فٹ پاتھوں، برآمدوں اور پارکنگ مقامات پرتاجروں اور ان کے کرائے دار سٹال ہولڈروں نی ڈیرے ڈال لئے خریداروں اور راہگیروں کا گزرنا محال ہو گیا۔

رمضان المبارک کے دوران لگائے گئے ٹھیوں کے بعد اب اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں میں مہندی، چوڑی، سلے ان سلے ملبوسات، مصنوعی زیورات اور دیگر موسمی پہناووں اور زیب و آرائش کی لوازمات اور جوتوں کے سٹال سج گئے ہیں۔ اکثر سٹال ہولڈروں نے دکانداروں سے کرائے پر سٹال لئے ہیں اور بجلی کا بندوبست بھی ان دکانداروں نے خود کیا ہے جبکہ برآمدوں پر دکانداروں نے خود قبضہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

تجاوزات کی وجہ سے خریداروں اور راہگیروں بالخصوص خواتین کا خریداری کرنا اور گزرنا بھی محال ہو گیا ہے۔ اسلام آباد کی بڑی مارکیٹس جن میں آبپارہ، کراچی کمپنی، ایف ٹین، جی ٹین، سپر مارکیٹ، جناح سپر مارکیٹ میں جگہ جگہ قائم تجاوزات کے ساتھ ساتھ بھکاریوں نے بھی ان مراکز میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ افطار کے بعد ان مارکیٹوں میں رش بڑھتا ہے اور اس وقت سی ڈی اے کا عملہ بھی موجود نہیں ہوتا لیکن سی ڈی اے کی طرف سے دن کے اوقات میں بھی ان تجاوزات کنندگان کے خلاف کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

کراچی کمپنی مارکیٹ میں خریداری کے لئے آئی ایک خاتون عنبرین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ان تجاوزات کی وجہ سے بازاروں میں رش اتنا زیادہ ہو گیا ہے کہ خریداری تو درکنار گزرنا بھی دوبھر ہو گیا ہے چونکہ عید بھی قریب ہے تو عید کی تیاریوں کے سلسلے میں بازار آنا پڑتا ہے، سی ڈی اے کو چاہیے کہ ایسے مواقعوں پر ان تجاوزات کو ہٹانے کیلئے پہلے سے حکمت عملی تیار کیا کرے ایک اور خریدار سلمیٰ بی بی نے بتایا کہ عید کے دنوں میں مارکیٹ آنا کسی عذاب سے کم نہیں گرمی میں روزے کی ساتھ آنا اور تجاوزات اور رش کی وجہ سے بہت وقت ضائع ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کم از کم ان مارکیٹوں میں قائم فٹ پاتھوں پر سے تو ان تجاوزات کو ہٹائے تاکہ باآسانی خریداری کی جا سکے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے کے شعبہ اینکروچمنٹ کے ڈائریکٹر فہیم بادشاہ سے پوچھا گیا تو انکا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی چھوٹی مارکیٹس میں ان تجاوزات کے خلاف آپریشن کیے ہیں اور اب ان بڑی مارکیٹس میں بھی آپریشن جلد شروع کیا جائے گا اور ان تجاوزات کو ہٹا کر عوام کیلئے آسانی پیدا کی جائے گی۔