پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور پڑوسی تبدیل نہیں کیا جاسکتا،فواد چوہدری

شاندار کامیابی پر نریندر مودی کو مبارکباد دیتا ہوں، امن کو موقع دے کر ہم دونوں قوموں کی قسمت بدل سکتے ہیں،وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کا نریندر مودی کو پیغام

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 23 مئی 2019 18:04

پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور پڑوسی تبدیل نہیں کیا جاسکتا،فواد چوہدری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی2019) بھارتی انتخابات میں کامیابی پر وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا نریندر مودی کے نام ٹویٹر پیغام۔ فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ اس شاندار کامیابی پر آپ کو بہت مبارک ہو، پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور پڑوسی تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون سے امن کو ایک موقع دے کر ہم دونوں قوموں کی قسمت بدل سکتے ہیں‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اس طرح دونوں ممالک خطے کے کروڑوں لوگوں کی قسمتبدل سکتے ہیں‘۔ یاد رہے کہ بھارت میں 6 ہفتے تک جاری رہنے والے انتخابات کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریند مودی کی جماعت بھارتی جنتا پارٹی بھاری اکثریت سے جیت چکی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگرس کے سربراہ راہول گاندھی نے الیکشن میں شکست تسلیم کر لی۔

انتخابات میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں بی جے پی کی واضح برتری کے بعد راہول گاندھی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابات میں جیت پر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ وقت اپوزیشن کرنے کا نہیں بلکہ نریندر مودی کو مبارکباد دینے کا ہے۔مودی اور بی جے پی کی جیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہارنے والے کانگریس رہنماؤں کو گھبرانا نہیں چاہئیے۔

رہنما اور کارکن اعتماد مت کھوئیں ہم نظریاتی جنگ جاری رکھیں گے۔ عوام کا مینڈیٹ نریندر مودی کے حق میں گیا ہے۔ مودی کو منتخب کرنے پر بھارت کے عوام کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔ راہول گاندھی نے اس موقع پر اپنے مدِ مقابل الیکشن لڑنے والی اداکارہ سمراتی ایرانی کو بھی جیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے وہ حلقے کے لوگوں کی خدمت کریں گی۔

خیال رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخابات میں جیت کا کا دعویٰ کر چکے ہیں۔ بھارت میں ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی واضح برتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پہلے جبکہ کانگریس دوسرے نمبر پر ہے۔ انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں اپنی برتری دیکھتے ہوئے نریندرمودی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سب ساتھ مل کر ایک مضبوط بھارت بنائیں گے، ہم ساتھ مل کر ترقی کریں گے۔