مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوںکی تحقیقات کا مطالبہ

کولگام کے دونوںشہداء کو زبردست خراج عقیدت

جمعرات 23 مئی 2019 18:52

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کے سیاسی عزم اور جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارت کی طرف سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے نام پر ماورائے عدالت قتل ، گرفتاریوں اور قتل عام کے واقعات کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔

حریت چیئرمین نے کہاکہ بھارت جارحیت کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے روک نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ جلد یا بدیر بھارت کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو قبول کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں محمد اشرف صحرائی ، مشتاق الاسلام ، عبدالصمد انقلابی اور ظفر اکبربٹ نے اپنے بیانات میں ضلع کولگام میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری نوجوان ایک مقدس مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیںاور انکی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔ محمد اشرف صحرائی نے عید سے قبل تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں یاسمین راجہ ، بلال صدیقی اور مولوی بشیر احمد کے علاوہ جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کا ایک وفد شہید کشمیری نوجوانوںکے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے شوپیاں اور کولگام گیا۔

جموںوکشمیر مسلم لیگ نے ایک بیان میں کہاہے کہ قابض انتظامیہ پارٹی چیئرمین مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے اور ہائی کورٹ کی طرف سے انکی 37ویں مرتبہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کو کالعدم قراردیئے جانے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیاجارہا ہے ۔ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ پولیس اسٹیشن پرمعلوم افراد کے دستی بم کے حملے میں کم سے کم دو شہری زخمی ہو گئے ۔

سرینگر کے علاقے ٹائیگور ہال میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے بنکر پر بھی دستی بم سے حملہ کیاگیا ۔آج ضلع پلوامہ کے علاقے نیرا ٹہاب سے ایک شہری ظہور احمد شیخ کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مرحوم معروف آزادی پسند کارکن اور حزب المجاہدین کے سرگرم رکن عرفان احمد شیخ کا بھائی تھا۔ اطلاعات کے مطابق ظہور کو بھارتی فوجی ایجنٹوں نے اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا۔ سوپور قصبے کے علاقے ہردہ شوہ میں مٹی کے تودے تلے دب جانے سے دو لڑکیاں جاںبحق جبکہ ایک زخمی ہو گئی۔