ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل کو حل کرنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

جمعرات 23 مئی 2019 19:02

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے ٹریفک کے بڑھتے ہو ئے مسائل کے مستقل حل اور اہم سڑکوں پر قائم تجاوزات کے بلا تفریق خاتمے کاحکم دیتے ہو ئے میونسپل کارپوریشن ، پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلع کونسل سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلہ میں ا یک بھرپور اور موثر آپریشن کلین اپ کاآغاز سوموار کو صبح دس بجے سیٹلائٹ ٹائون سے کیا جائے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے افسران پر واضح کیا ہے کہ ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل کو حل کرنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں سستی اور تفریق بر تنے سے عام آدمی کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس صورت حال کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا - انہو ںنے کہاکہ تمام ادارے افراد ی قوت اور سامان کے ساتھ اس آپرشن کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار اداکریں اور ان سب کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی جس کی بنیاد پر افسران کو جزا اور سزا کا بھی حقدار ٹھہرایا جائے گا- انہو ں نے ہدایت کی آپریشن کیلئے جی ٹی روڈ ، سیالکو ٹ روڈ، پسرور روڈ ا ور شہر کے معروف علاقوں، سڑکوں کا انتخاب کرتے ہو ئے بلا تفریق کاروائي کو یقینی بنایا جائے اوراس ضمن میں ریڑھیوں کو خاص طورپر اہم سڑکوں اورچوکوں سے ہٹا کر لوگوں کیلئے آسانی پیدا کی جائے - انہوںنے کہاکہ معروف رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کو بھی ختم کیا جائے اور ٹریفک پولیس ، میونسپل کارپوریش دیگر محکموں کے اشتراک اور تعاون سے ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پائیدار حل کیلئے فوری اقدامات کریں- انہو ںنے فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی اور سستی برتنے والو ں کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی کارکردگی کو ایک ہفتہ کے اندر بہتر بنالیں بصورت دیگران کی کو ئی ضرورت نہیں ہو گی ،کمشنر گوجرانوالہ نے یہ ہدایات ٹریفک انجینئر نگ اور تجاوزات کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے جاری کیں - اسسٹنٹ کمشنر جنرل تنو یر یسین، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ، چیف آفیسر ضلع کونسل ، ڈی ایس پی ٹریفک میاں سہیل فاضل سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک ہو ئے،کمشنر نے کہا کہ ریڑھی مافیا کو ہر صورت اہم سڑکوں سے ہٹایا جائے گا اور اس ضمن میں ان کے خلاف کئے جا نے والے آپریشن میں کو ئي دبائو قبول نہ کیا جائے اورنہ ہی قبضہ میں لی جانے والی ریڑھیاں اس وقت تک واپس کی جائیں جب تک بیان حلفیہ نہ لیا جائے کہ وہ آئندہ اس جگہ پر کھڑے نہیں ہو ں گے او روہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ متبادل جگہ پر کھڑے ہو نے کے پابند ہوںگے - انہو ںنے ہدایت کی کہ سڑکوں اور علاقوںکی مناسبت سے ریڑھیوں کو مختلف رنگوںمیں پینٹ کرایا جائے اور ان کو مخصوص نمبر اور علاقہ الاٹ کیا جائے تاکہ بے ہنگم رش سے پیدا ہونے والے مسا ئل کا کسی حد تک خاتمہ ممکن ہو سکے۔