سعودی عرب کا تلاوت قرآن پاک اور اذان کے سب سے بڑے عالمی مقابلے کا اعلان

تلاوت قرآن پاک میں پہلا انعام 50 لاکھ ریال،بہترین اذان کا انعام 20 لاکھ ریال،اذان دینے کا مقابلہ جیتنے والا مسجد نبویﷺ میں موذن مقرر ہو گا،جنرل اتھارٹی برائے تفریح

جمعرات 23 مئی 2019 20:31

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) سعودی عرب نے تلاوت قرآن پاک اور اذان کے سب سے بڑے عالمی مقابلے کا اعلان کیا ہے جس میں تلاوت قرآن پاک میں پہلا انعام 50 لاکھ ریال اور بہترین اذان کا انعام 20 لاکھ ریال رکھا گیا ہے،اذان دینے کا مقابلہ جیتنے والے کو مسجد نبویﷺ میں موذن مقرر کیا جا سکتا ہے۔مقابلوں کی کل انعامی رقم 12لاکھ ریال ہے۔

مقابلے میں شرکت کی رجسٹریشن quranathanawards.com پر شروع ہو چکی ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے تفریح ( جی ای ای)کے چیئرمین ترکی الشیخ کی جانب سے جاری ایک ٹویٹ میں تلاوت قرآن پاک اور اذان کے عالمی مقابلے قرآن اینڈ اذان ایوارڈزکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقابلوں کا عالمی سطح پر انعقاد کا مقصد دنیا کو تلاوت کلام پاک اور اذان دینے کے مختلف طریقوں سے اسلام کی اصل روح سے روشناس کرانے ،اسلامی دنیا کی ثقافتوں کے تنوع اور بھرپور اسلامی تجربات سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ خوبصورت اور پرتاثیر آوازوں کی تلاش ہے جو قرآن کی تلاوت کرنے اور اذان دینے میں دل و دماغ پر نقش چھوڑ جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم دنیا پر یہ تاثر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دین اسلام کا انتہا پسندی اور عدم برداشت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کی درخواستیں دینے کا عمل 22 مئی سے شروع ہو کر 22 جون کو ختم ہو گا جس کے بعد درخواستوں کی چھانٹی کا عمل 22اگست کو مکمل ہو گا۔انھوں نے کہا کہ درخواستوں کی چھانٹی کے بعد اگست اور ستمبر بھر دوران لائیو پرفارمنس ہوں گی اور جیتنے والوں کا اعلان اکتوبر میںکیا جائے گا جبکہ ریجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔