کراچی: موسم گرما میں ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کردیا گیا

25 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعرات 23 مئی 2019 21:18

کراچی: موسم گرما  میں ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کا انتباہ جاری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسمِ گرما کے آغاز کے بعد ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو سے متعلق جاری کیے گیے بیان کے مطابق اس دوران شہر میں دن کے اوقات میں شمال مغرب سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے حکام اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل یکم مئی سے 3 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہونے کے ساتھ ہی موسم انتہائی گرم ہوگیا تھا، اس دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلا جائے اور اگر باہر نکلنا ضروری ہو تو گیلا تولیہ اور چھتری ساتھ رکھیں، اس کے ساتھ پانی زیادہ پینے کا بھی مشورہ بھی دیا گیا ہے۔طبی ماہرین نے طبیعت بحال رکھنے کے لیے 2 سے 3 گھنٹے بعد نہانے اور گرمی سے طبیعت بگڑنے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

ہیٹ اسٹروک جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے تاہم اس کی علامات بھی ظاہر ہوتی ہیں جن میں جسمانی درجہ حرارت 104 فارن ہائیٹ ہوجانا۔یاد رہے کہ پاکستان میں 4 سال قبل 2015 میں 50 سال کی بدترین گرمی کی لہر آئی تھی جس کے نیتجے میں اس سے صرف کراچی میں 1200 سے زائد افراد جاں بحق اور 40 ہزار افراد ہیٹ اسٹروک اور گرمی کی وجہ سے تھکان کا شکار ہوئے تھے۔