Live Updates

ملائیشیاء کی جیلوں میں قید 315 پاکستانی عید سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے،

قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی ْوزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقاربخاری کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعرات 23 مئی 2019 22:09

ملائیشیاء کی جیلوں میں قید 315 پاکستانی عید سے قبل پاکستان پہنچ جائیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ملائیشیاء کی جیلوں میں قید 315 پاکستانی عید سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے۔ حکومت پاکستان نے ملائیشیاء کی مختلف جیلوں میں قید315 پاکستانیوں کو جو اپنی سزا مکمل کر چکے تھے لیکن قانونی و مالی معاونت نہ ہونے کی وجہ سے جیلوں میں بند تھے، کے تمام واجبات ادا کر دیئے ہیں جس کے نتیجہ میں 315 قیدی عید سے قبل 29 مئی کو پاکستان پہنچ جائیںگے۔

یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقاربخاری نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جو قیدی وطن واپسی کیلئے ایئر ٹکٹ لینے کی سکت نہیں رکھتے تھے وہ اب عید کا پرمسرت موقع اپنے خاندانوں کے ساتھ اپنے وطن میں منائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کا تمام تر کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے رہائی کے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب ملائیشیاء میں قید پاکستانیوں کا معاملہ میرے علم میں آیا تو میں نے یہ معاملہ کابینہ میں اٹھایا جس پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان بیت المال اور وزارت خارجہ کو قیدیوں کی رہائی کیلئے 50 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے کابینہ نے تمام پاکستانیوں کی عید سے قبل بحفاظت واپسی کا ٹاسک مجھے سونپا۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کیلئے اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے حکام اور ملائیشیاء میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطہ میں تھے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل کاشف نور نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ انہوں نے ملائیشیاء کے حکام کو 315 پاکستانیوں کی29 مئی کو وطن واپسی کے حوالہ سے تمام اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملائیشیاء میں زیر حراست 315 پاکستانیوں کو پی آئی اے کے طیارہ بوئنگ 777 کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا جس کیلئے پی آئی اے اور او پی ایف کے درمیان معاہدہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر حراست پاکستانیوں کے سفری و دیگر اخراجات کا تخمینہ 60 ملین روپے تھا لیکن وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کی مداخلت پر یہ تمام مراحل 50 ملین روپے میں مکمل ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملائیشیاء میں قید پاکستانیوں کی قانونی معاونت کیلئے اپنے ہم منصب کو خط لکھا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات