وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی پر سعودی عرب سے اظہار تشکر

فراخدلانہ اقدام پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کاشکریہ ادا کرتے ہیں

جمعرات 23 مئی 2019 22:09

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی ..
لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موخر ادائیگی پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فراخدلانہ اقدام پر سعودی حکومت، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی نبھائی ہے اور سعودی عرب کی جانب سے کریڈٹ پر تیل کی فراہمی معیشت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے اور معیشت کے بارے میں غیر یقینی کے بادل چھٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کی لوٹ مار کی وجہ سے درپیش معاشی مشکلات میں کمی آئے گی۔ سعودی عرب کی معاونت سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ معیشت بہتر ہوگی اور بجٹ خسارے میں کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب کی بروقت مدد سے پاکستانی کرنسی کی قدر بھی مستحکم ہوگی۔