نئے پاکستان میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کیلئے کوئی گنجائش نہیں،عثمان بزدار

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت، کمیٹی 30روزمیں حتمی سفارشات پیش کریگی،وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، غیر معیاری و جعلی مصنوعات وکاسمیٹکس کی تیاری اورفروخت روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کی تیاریوں کا جائزہ

جمعرات 23 مئی 2019 22:12

نئے پاکستان میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے ..
لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات وکاسمیٹکس کی تیاری اورفروخت روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون و بلدیات راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی غیرمعیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کی تیاری و فروخت روکنے کیلئے 30روزمیں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

سفارشات کی روشنی میں صوبہ بھر میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار اورفروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔اجلاس میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کی تیاری و فروخت روکنے کے حوالے سے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کی تجویزپر غور کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کیخلاف رتی بھر بھی کارروائی نہیں ہوئی۔

ماضی کی حکومتیں سوئی رہیں اورجعلسازی کے ذریعے عوام لٹتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق ادوار میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کو کھلی چھٹی ملی رہی جبکہ نئے پاکستان میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہی-اب کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی طورپر اس مافیا کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنے والے عوام کی صحت سے بھی کھیل رہے ہیں اورانہیں لوٹ بھی رہے ہیں اوریہ مکرو ہ کاروبارکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو جامع سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کسی حتمی نتیجے پر پہنچ کر فیصلہ کن اقدامات کی سفارش کرے۔صوبائی وزرائ محمد بشارت راجہ،چوہدری ظہیرالدین،عنصرمجید خان نیازی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریزویمن ڈویلپمنٹ،صنعت،سپشلائزڈہیلتھ کیئرو میڈیکل ایجوکیشن،پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، اطلاعات،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈائریکٹرڈریپ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔